شروع اﷲ کے نام سے جو بڑا مہربان اور نہایت رحم والا ہے
روشن مستقبل کے لئے۔۔۔۔یونی ورسٹی کی اشد ضرورت
تحریر:۔ حبیب اﷲ، میانوالی ۔03347657044..03145900322
پاکستان کے دوسرے بڑے شہروں کی طرح میانوالی شہر کا نوجوان طبقہ تعلیمی میدان میں کسی سے کم یا پیچھے نہیں۔ آج بھی یہاں کے طالبعلم پاکستان کے ہر علاقہ میں اعلی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اور ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔ تعلیمی میدان کے ساتھ دوسرے شعبوں میں بھی میانوالی کے نوجوان لڑکے اور لڑکیاں اپنی ذمہ داریاں بڑی ہمت، ایمانداری اور لگن سے سر انجام دے رہے ہیں۔ چاہے وہ گورنمنٹ کے ادارے ہوںیا پرائیویٹ ہوں،ملکی دفاع کے ادارے ہوں یاکوئی اور شعبہ ہو ہر لحاظ سے اپنا ایک مقام رکھتے ہیں۔ ملک میں بڑھتے ہوئے تعلیمی اداروں کے قیام سے طالبعلموں کو ہر لحاظ سے سہولتیں مل رہی ہیں۔جو تعلیم وہ دوسرے شہروں سے حاصل کرتے ہیں وہ آج اپنے ہی علاقہ میں حاصل کر رہے ہیں۔ میانوالی میں میٹرک تک تو ہر جگہ تعلیمی ادارے قائم ہیں لیکن چند ایک مخصوص کالجوں کے علاوہ کوئی اعلی سطح کا کالج یا یونی ورسٹی موجودنہیں۔ میانوالی کے کالجوں میں صرف مخصوص ڈگریوں کی تعلیمی دلوائی جا رہی ہے جدید تعلیمی نظام میں تبدیلی سے میانوالی ابھی بہت پیچھے ہے۔ یہاں پر تعلیمی میدان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں۔ یہاں کے طالبعلم لڑکے اور لڑکیاں مزیدآگے تعلیم حاصل کرنے کے لئے دوسرے شہروں کا رخ کرتے ہیں جبکہ میانوالی ملک کا مشہور شہر ہے۔ یہاں کی اعلی سیاسی شخصیات قومی و صوبائی اسمبلیوں میں موجود ہیں۔دوسرے شہروں میں تعلیم حاصل کرنے کے لئے بہت تکلیف اور محنت کرنی پڑتی ہے۔جس میں سے زیادہ تر مشکلات گھر والوں کو برداشت کرنی پڑتی ہے۔ آجکل کے مہنگائی کے دور میں ایک بچہ کو بھی دوسرے شہر میں اعلی تعلیم دلوانا کافی مشکل ہے۔ گھروالوں کا مالی مشکلات کے علاوہ خود طالبعلم کو رہن سہن، باربار مالی حساب و کتاب کی وجہ سے وہ اپنی پوری توجہ تعلیم پر نہیں دے سکتا جسکی وجہ سے وہ اپنی تمام صلاحتیں مکمل طور پر اجاگر کرنے میں ناکام ہو جاتا ہے۔میری اپیل ہے تمام میانوالی کی اعلی سیاسی قیادت اور حکومتی اعلی ارکان سے کہ میانوالی کے طالبعلموں کے روشن مستقبل کو مزید روشن کرنے کے لئے خصوصی بنیادوں پر مکمل یونی ورسٹی کاقیام عمل میں لایا جائے۔اس کے ساتھ ساتھ لاء کالج اور میڈیکل کالج کا قیام عمل میں لایاجائے۔اور میانوالی کے موجودہ کالجوں میں مزید سیٹیوں کا اضافہ کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ طالبعلم داخلہ لے سکیں۔ کیونکہ آپ سب کی کوششوں سے ہی یہ کام جلد ازجلد پایا تکمیل تک پہنچایاجاسکتاہے۔ جب ہماراطالبعلم ذہینی طور پرپُر سکون ہوگا تو وہ کسی اور طرف سوچنے کی بجائے مکمل طورپر تعلیم پر توجہ دیگا۔جوکہ خوداسکے لئے اور ملک و قوم کے لئے مفید ثابت ہوگا۔ یونی ورسٹی کے قیام سے دوردراز کے علاقوں کے لڑکے و لڑکیوں کو مزید آگے تعلیم حاصل کرنے میں مدد حاصل ہو گی۔ روشن مستقبل اور طالبعلموں کی فلاح کے لئے یونی ورسٹی کے قیام سے میانوالی شہر کو چارچاند لگ جائیں گے جو کہ میانوالی کی عوام اور نئے آنے والوں طالبعلموں کے لئے خوشی کی بات ثابت ہوگی۔