حرف ِآشنا – عصمت گُل خٹک
ہمارے ایک دوست کے والد جب صاحب ِفراش ہوئے تو تبدیلی آب و ہوا کی غرض سے ایک دن ‛ گھر والوں نے اُن کو ساتھ ہی والے دوسرے کمرے میں منتقل کرنے کا فیصلہ کیا جس کی درمیانی دیوار میں اڑھائی فٹ کا دروازہ تھا جہاں سے مریض کو ایک ایسی چارپائی سمیت گزارنے کا فیصلہ ہوا جس کی چوڑائی تقریباً تین فٹ تھی____
گھر والوں سمیت کچھ دیگر رشتہ داروں نے بھی بڑی کوشش کی اڑھائی فٹ کے دروازے میں سے تین فٹ کی چارپائی گزارنے کی مگر ظاہر ہے ایں کار محال است _________ تاہم اسی دوران ایک بزرگ نے دور کی کوڑی لاتے ہوئے فرمایا کہ اگر قران کریم کی فلاں آیت بآواز بلند پڑھتے ہوئے چارپائی گزارنے کی کوشش کی جائے تو انشاﷲ کوئی مسلہ ہی نہیں کہ چارپائی نہ گزرے ______
مریض بیچارہ جو پہلے ہی اس کھینچا تانی میں ادھ موا ہو چکا تھا وہ چِلّا کر بولا ” خدا کی قسم ¡ اگر تم لوگ یہاں پورا قران بھی پڑھ ڈالو تب بھی یہ چارپائی نہیں گزرے گی “
مجھے یہ واقعہ یوں یاد آیا کہ گزشتہ تین چار روز سے ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی میں داخل مریض لواحقین سمیت سڑکوں پر پانی و پنکھے اور دیگر بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے سراپا احتجاج ہیں اور آج سرکار کی طرف سے محض ایک ایم ایس کے تبادلے کا لولی پاپ دیکر ڈنگ ٹپاؤ پالیسی کا ایک بار پھر ” شاندار ” مظاہرہ کیا گیا ہے
خدا کے بندو ____ ﷲ نے اگر آپ کو خلق خدا کی خدمت کی ذمہ داری سونپ دی ہے اور اتنے بڑے عہدوں اور کرسیوں پر لا بیٹھا کر عزت سے نواز ہی دیا ہے تو تھوڑی سی عقل بھی استمال کرلینے میں آخر حرج ہی کیا ہے ؟
دو سو بیڈز کے ہسپتال میں آپ چار سو بیڈز کا ڈی ایچ کیو ہسپتال اٹھا کر راتوں رات شفٹ کریں گے تو ایک ایم ایس بیچارے کے تبادلہ سے آخر کیا حاصل ہوگا ؟ بلکہ اس طرح کی صورت حال میں آسمانوں سے فرشتوں کی فوج بھی اتار کر اگر ایم ایس و ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل اسٹاف وغیرہ کی جگہ تعینات کردیں ___ تب بھی میرا دعوٰی ہے کہ خدا کی قسم یہ چارپائی پھر بھی نہیں گزری گی _
سمجھ میں نہیں آتا کہ ایک شاندار ڈی ایچ کیو ہسپتال کی مکمل ضروریات و سہولیات کی حامل بلڈنگ ‛ جس پر گزستہ سال ہی رینیویشن کے نام پر کروڑوں روپے خرچ کئے گئے تھے اور ایک کامیاب و سخت گیر ایڈمنسٹریٹر ( ایم ایس ) کی وجہ سے اسٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بن گیا تھا ____اس کو کسی نام نہاد میڈیکل یونیورسٹی کے سراب میں ایک ایسا بھوت بنگلہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے جہاں قومی خزانے سے نصب اے سی و سولر سسٹم و دیگر املاک کو مال ِ غنیمت سمجھ کر لوٹا جارہا ہے اور حیرت انگیز طور پر ذمہ دار لوگ خاموش تماشائی بن کر اِس قومی خزانہ کی لوٹ مار پر ٹس سے مس نہیں ہو پارہے ؟
اگر میانوالی پر یہ ظلم ___ بغض ِ عمران کے نتیجہ میں ہورہا ہے تو ظالم سو فیصد ٹھیک کررہے ہیں کیونکہ حُب ِ عمران کے نتیجہ میں جن لوگوں کو ہم نے منتخب کیا ہے وہ فاتحہ خوانیوں اور سرگودہا ڈویژن کی بڑی صلح جیسی تقاریب میں تو نظر آجاتے ہیں مگر جہاں ان کی حقیقی ضرورت پڑتی ہے وہاں وہ گدھے کے سینگوں کی طرح غائب ہی رہتے ہیں ؟
ملک میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والے ایم این اے جمال احسن خان اگرچہ حسب ِ توفیق ہر جگہ شور شرابہ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں مگر نقار خانے میں تُوتی کی آواز کون سنتا ہے ؟
گزشتہ ضمنی الیکشن میں جس طرح جناب علی حیدر نور خان ایم پی اے منتخب ہوکر اقتدار کے ایوانوں تک پہنچے ایک شاندار سیاسی مستقبل ان کیلئے بانہیں کھولے کھڑا دکھائی دیتا ہے مگر پتہ نہیں اِس مرتبہ بھی ان کو صاحب اقتدار دیکھ کر حفیظ جالندھری کا شعر کیوں یاد آجاتا ہے ؟
دیکھا جو تیر کھا کے کمیں گاہ کی طرف
اپنے ہی دوستوں سے ملاقات ہوگئی
سول سوسائٹی ___ سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ __ صحافی و دانشور وغیرہ تو رہے ایک طرف _____ قانون کے وہ رکھوالے وکلاء _____ جن کی برادری کے کسی رکن کو اگر کوئی ٹریفک اہلکار روک لے تو وہ سراپا احتجاج بن کر انتظامیہ کی ناک میں دم کردیتے ہیں ____ چار سو بیڈز کے ہسپتال کو دو سو بیڈز کی عمارت میں ٹھونسنے جیسے ظلم پر اگر خاموش ہیں تو میرا خیال ہے کہ جو کچھ آج میانوالی کیساتھ ہورہا ہے ہم سب اس کے حق دار ہی نہیں بلکہ اس سے دُگنا کے سزاوار بھی ہیں ؟
ASMAT GUL KHATTAK — HARF-E-AASHNA KE KHALIQ, JURRAT MAND SAHAFI, SHA’IR AUR SAMAJI MUBSIR
عصمت گل خٹک حرفِ آشنا کے خالق، جرات مند صحافی، شاعر اور سماجی مبصر ضلع میانوالی کی ادبی، صحافتی اور...
Read More
Mukafat-e-Amal ke 15 Atal Usool
مکافاتِ عمل کے 15 اٹل اصول۔ دنیا کا سب سے بڑا اور اٹل قانون ”مکافاتِ عمل“ ھے، جسے انگریزی میں...
Read More
SARGODHA DIVISION KI SAB SE BARI SULAH
صلح کی کامیابی یا نمائش کی ناکامی؟ صلح بلاشبہ ایک عظیم انسانی، اخلاقی اور اسلامی عمل ہے۔ دو خاندانوں،...
Read More
DHQ Hospital Mianwali ka Marsiya
ڈی ایچ کیو ہسپتال میانوالی کا مرثیہ حرف ِآشنا - عصمت گُل خٹک ہمارے ایک دوست کے والد جب صاحب ِفراش...
Read More
