افسانہ “بے بسی”
افسانہ نگار: لہر نیازی
یوسف صاحب نے گاڑی میں سے اترتے ہی فقیر محمد کو چار چھے جلی کٹی سنائیں اور دفتر میں چلا گیا تو خادم حسین فقیر محمد کو حوصلہ دیتے ہوئے بولا، یوسفے ریڑھی والے کے ٹھاٹھ باٹھ پر نہ جاؤ۔ اس کے اندر کے گٹھیا انسان سے ڈرتے رہو، اسی میں سب کی عافیت چھپی ہوئی ہے۔” فقیر محمد پھٹی پرانی چادر کو کندھے پر جماتے ہوئے بولا، “غریب بندے کی بھی کیا زندگی ہے؟ ہائے یہ بے بسی! گھر جاؤ تو وہاں کی الجھنیں اور کام پر آؤ تو یہاں کی بک بک۔” خادم حسین نے فقیر محمد کے کندھے پر ہاتھ رکھتے ہوئے کہا، “دل چھوٹا نہ کرو۔ تمہارے دل چھوٹا کرنے سے تمہارے گھر کے ہر فرد کا دل چھوٹا ہو جاتا ہے۔ ان کی آنکھوں میں جو روشن خواب جگ مگ کر رہے ہوتے ہیں وہ مرجھانے لگتے ہیں۔ اپنی نہ سہی ان کی خاطر ہی چہرے پر مسکراہٹ سجا لیا کرو۔ مجھے دیکھو! میں نے کبھی آپ کو اپنا غم نہیں بتایا، لیکن کبھی کبھی میری آنکھوں سے میرا غم آنسو بن کر ضرور ٹپکتا ہے۔ شاید تو نے میرے آنسو نہیں دیکھے۔”
ابھی دونوں ایک دوسرے کا غم بانٹ ہی رہے تھے کہ ایک کوا ایک چڑیا پر جھپٹتا ہے اور چڑیا کو اپنے پنجوں میں دبوچ کر درخت پر آ بیٹھتا ہے۔ ابھی وہ چونچ سے اس چڑیا کو زخمی کرنے ہی والا تھا کہ خادم حسین نے ایک پتھر اٹھا کر کوے کو دے مارا۔ کوا ڈر کے مارے چڑیا کو چھوڑ کر اڑ گیا۔ وہ زخمی چڑیا زمین پر اگی جڑی بوٹیوں میں پھڑ پھڑاتے ہوئے آ گری۔ وہ جڑی بوٹیوں میں گر کر تڑپنے لگی تو خادم حسین نے آگے بڑھ کر اس زخمی چڑیا کو اٹھایا۔ اس نے جلدی سے اپنے رومال کو پانی سے تر کیا اور اس کی چونچ میں قطرے ڈالنے لگ گیا۔ فقیر محمد نے تڑپتے ہوئے پرندے کو دیکھا تو اسے ایسا لگا جیسے وہ پرندہ وہ خود ہے۔ اس کی سانسیں رکتی محسوس ہوئیں۔ خادم حسین کے پانی پلانے کے بعد چڑیا کی جان میں جان آئی۔ وہ پہلے چند قدم زمین پر دوڑی اور پھر اڑ کر ایک چھوٹے پودے کی شاخ پر جا بیٹھی۔ کچھ دیر سستانے کے بعد اس نے اپنی چونچ سے اپنے پروں کو سیدھا کیا اور پھر اڑ کر آنکھوں سے اوجھل ہو گئی۔ ابھی وہ دونوں وہاں کھڑے ہی تھے کہ یوسف صاحب نے دفتر کی کھڑکی میں سے جھانکتے ہوئے ان دونوں کو کوسنا شروع کر دیا۔ خادم حسین ہاتھ جھاڑتے ہوئے دفتر کی طرف تیز تیز قدموں سے بڑھا اور اجازت لے کر اندر گیا تو یوسف صاحب بولا، “فقیر محمد کو فارغ کر دو۔ یہ بندہ مجھے ایک آنکھ نہیں بھاتا۔ انتہائی ذلیل انسان ہے۔ میں تو اسے دیکھ کر آگ بگولا ہو جاتا ہوں۔” خادم حسین نے کچھ کہنا چاہا تو یوسف صاحب بولا، “اس کی پریشانیاں ختم ہی نہیں ہوتیں۔ جب دیکھو منہ لٹکائے رہتا ہے۔” خادم حسین ہاتھ باندھ کر التجا کرتے ہوئے بولا، “وہ انتہائی بے بس انسان ہے۔ صاحب! اسے اجرت پر رہنے دیں۔ اسے کام سے فارغ کیا تو وہ پاگل ہو جائے گا۔ پہلے ہی مفلسی نے اس کے گھر میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔” یوسف صاحب نے پھنکارتے ہوئے کہا، “تم اپنی فکر کرو اسے رہنے دو۔” دو چار دن گزرے تھے کہ اچانک سے یوسف صاحب نے فقیر محمد کو یہ کہہ کر کام سے فارغ کرتے ہوئے کہا، “تمھارے جیسے انسان سانس لیتے رہیں اتنا ہی کافی ہے۔” فقیر محمد، یوسف صاحب کی بات سن کر بت بن کر کھڑا رہ گیا۔ اسے ایسا لگا جیسے دنیا میں فضول ترین شے وہی ہے۔ اگلے ہی لمحے فقیر محمد نمناک آنکھوں سے، سر جھکائے بوجھل قدموں کے ساتھ دفتر سے نکلا اور گلیوں کی خاک چھاننے لگا۔ شام ڈھل گئی مگر وہ گھر جانے سے کترانے لگا تھا۔ اسے آج پہلی بار ایسا لگا جیسے وہ دنیا کی فضول ترین شے ہے۔ وہ اپنے بیوی بچوں کا سامنا کرنے کی ہمت کھو بیٹھا تھا۔ آسمان پر اڑتے سیاہ بادلوں کو دیکھ کر اسے ایسا لگا جیسے ان سیاہ بادلوں نے اس کی قسمت کو گھیر رکھا ہے اور کچھ کر سکنے کے باوجود بھی وہ کچھ نہیں کر پا رہا۔ قسمت کے خونی پنجوں میں وہ اس زخمی پرندے کی طرح بری طرح پھنس چکا تھا۔ بارش برسنے لگی تو وہ اپنے گھر کی کچی گلی میں کیچڑ سے بچتے بچاتے اپنے دروازے تک پہنچا۔ اس کے گھر کی کچی چار دیواری پر بوندوں کے پڑنے سے گارا لڑھک کر نیچے گرنے لگا تو اسے ایسا لگا جیسے اس کی زندگی کی دیوار بھی اب گرنے کو ہے۔ وہ بے بسی سے ٹوٹے ہوئے دروازے کے بند کواڑ کو کھولتے ہوئے گھر میں داخل ہوا تو کچے کمرے میں بیٹھی ننھی بیٹی نے دیکھتے ہی خوشی سے اچھل کر کہا، ” میرے بابا آ گئے۔۔۔ میرے بابا آ گئے۔”
افسانہ نگار: لہر نیازی
