“شاگرد”
افسانہ نگار: لہر نیازی
مدرس اول کے دفتر میں شاہ جی چشمہ لگاتے ہوئے داخل ہوئے تو آگے سے مدرس اول تیوری چڑھائے بیٹھے تھے۔ شاہ جی کو معلوم ہوگیا کہ حالات کچھ اچھے نہیں ہیں۔ لہذا کھنگارتے ہوئے مدرس اول سے ہاتھ کے اشارے سے دفتر میں داخل ہونے کی اجازت چاہی۔ اندر داخل ہو کر اپنے چشمے کو ٹشو پیپر سے مسلا اور میز کے ساتھ پڑی خالی کرسی پر بیٹھ گئے۔ ایک طرف مدرس اول بیٹھے تھے تو اس کے دائیں ایک اور صاحب بیٹھے تھے جس کے ماتھے پر شکنیں ظاہر کر رہی تھیں کہ یقیناً وہ کسی بچے کی شکایت لے کر مدرس اول کے دفتر میں آئے بیٹھے ہیں اور یہ شکایت یقیناً شاہ جی کے کسی طالب علم کے بارے میں ہی ہو سکتی ہے۔ اب شاہ جی اس انتظار میں تھے کہ آیا مدرس اول بات کا آغاز کریں یا یہ خود ہی معاملہ پوچھ لیں۔ ابھی اسی تذبذب میں تھے کہ مدرس اول نے شاہ جی کی طرف دیکھا۔ شاہ جی نے اپنے حلق میں آواز کو جمع کیا اور بمشکل اس کے کپکپاتے ہوئے ہونٹوں سے ایک خفیف سی آواز نکلی، “جی حضور! آپ کیا ارشاد فرما رہے تھے؟ مدرس اول ابھی کچھ کہنے ہی لگے تھے کہ جو صاحب دفتر میں آئے بیٹھے تھے انہوں نے غصے بھرے لہجے میں کہا، ” آپ میرے بچے کے استاد ہیں؟” ان صاحب کے لہجے سے فرعونیت ٹپک رہی تھی۔ اور ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے شاہ جی نے ان کے بچے کو اپنی جماعت میں بٹھا کر کوئی بہت بڑا جرم کر ڈالا ہو۔ گویا اب وہ سزا سنانے آئے بیٹھے ہوں۔ شاہ جی نے چشمہ لگاتے ہوئے کچھ سوچ کر “ہوں” میں جواب دیا. مدرس اول نے اپنی طرف سے گرہ لگاتے ہوئے بات کو مزید اجاگر کیا، “شاہ جی آپ کو تنخواہ ان بچوں کی وجہ سے ملتی ہے۔ تو آپ ہر بچے کا خیال رکھیں نا۔” شاہ جی نے چشمہ اتار کر ہاتھوں میں لیا اور اگلے ہی لمحے چشمہ دوبارہ لگاتے ہوئے مختصر سا جواب دیا، “جی ۔۔۔ جی، بجا فرمایا آپ نے۔” اتنے میں وہ صاحب بولے، “جناب آپ میرے بچے کا ٹھیک طرح سے خیال نہیں رکھ پا رہے۔ لگتا ہے آپ جناب کو میرے بچے میں کوئی دلچسپی ہی نہیں رہی۔ ہم تو اس امید پر بچے یہاں بھیج رہے ہیں کہ چلو اچھے استاد ہوں گے اور ہمارے بچوں کا کوئی بھلا سوچیں گے۔” شاہ جی نے دوبارہ سے عینک کی طرف ہاتھ اٹھایا اور ہاتھوں کو چشمہ کے فریم کے گرد گھماتے ہوئے سوچ کر جواب دیا، “جی آپ نے بجا فرمایا۔” شاہ جی اس سارے وقت میں یہ سوچ رہے تھے کہ آخر وہ کون سی خطا ہے جو ان سے نہ چاہتے ہوئے سرزد ہو گئی اور جس کے لیے اب اسے کٹہرے میں کھڑا کر دیا گیا ہے۔ مدرس اول بھی یکطرفہ طور پر اس شخص کی حمایت میں سر ہلاتے جا رہے تھے۔ جس سے شاہ جی کو انتہائی تکلیف محسوس ہو رہی تھی۔ شاہ جی نے اول مدرس کے میز پر سفید گلدان میں پڑے کاغذی پھولوں کو نظر بھر کر دیکھا۔ اور ایک بار معاملے کو مکمل سمجھنے کی کوشش کی۔ شاہ جی نے اب کے پوچھ ہی لیا، “حضور بتائیے تو سہی آخر معاملہ کہاں سے بگڑ رہا ہے؟” دفتر میں بیٹھے ہوئے صاحب نے کہا، “جناب میرا بیٹا آپ کی جماعت میں، آپ کی سرپرستی میں جماعت ششم کا طالب علم ہے۔ اور آپ جناب ذرا بھر بھی اس پر توجہ نہیں دیتے۔” اتنے میں مدرس اول نے لقمہ دیتے ہوئے کہا، “شاہ جی دیکھیں نا! آپ یہاں آ کر وقت گزاری کرتے ہیں۔ آپ بچوں کی مکمل طور پر نگرانی کیا کریں، انہیں کچھ پڑھائیں، اور لکھنا سکھائیں، لیکن لگتا ہے آپ تھک گئے ہیں۔ اب آپ سے کام نہیں ہو پا رہا۔” شاہ جی نے دوبارہ سے چشمہ لگاتے ہوئے ان صاحب کی طرف دیکھا اور پھر مدرس اول کی طرف دیکھا۔ آخر میں میز پر پڑے کاغذی پھولوں پر نظریں جماتے ہوئے آہستہ سے جواب دیا، “حضور میں گھر سے نکلتا ہوں تو یہی سوچ کر نکلتا ہوں کہ آج کے دن کوئی بچہ بھی میری شفقت اور توجہ سے محروم نہ رہے۔ خیر انسان ہوں۔ کوئی نادانستہ ایسا معاملہ ہو گیا ہوگا ورنہ تو کوئی ایسی بات نہیں۔ نہ ہی میرے وہم و گمان میں کچھ ایسا ویسا ہے۔” وہ صاحب بولے، “میرا نور چشم آپ کی جماعت ششم میں تیسرے نمبر کے بینچ پر بیٹھتا ہے۔ مگر اس کی کاپی پر کچھ بھی درس لکھا نہیں ملتا۔ کورے کاغذ موجود ہوتے ہیں۔ وہ مدرسہ ہذا سے کچھ لکھے پڑھے بنا گھر کو لوٹتا ہے۔ ہمیں تو اس کی تربیت میں کچھ فرق محسوس نہیں ہو پا رہا۔ آپ ہی بتائیے۔” ان صاحب نے اپنے بیٹے کا نام کافی دیر کے بعد لیتے ہوئے کہا، “شائستہ خان میرا فرزند ارجمند ہے۔ جسے میں روزانہ صبح سویرے آپ کے سپرد کر دیتا ہوں۔” شاہ جی نے جب شائستہ خان کا نام سنا تو اس کے رونگٹے کھڑے ہو گئے۔ اسے یاد آنے لگا کہ کیسے شائستہ خان کلاس میں بچوں کو تگنی کا نچاتا ہے اور کس طرح مستقل طور پر شاہ جی کے لیے درد سر بنا رہتا ہے۔ اول مدرس نے شائستہ خان کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے تو شاہ جی اور حیرت کے سمندر میں ڈوبنے لگا۔ شاہ جی نے ایک مرتبہ پھر سے دفتر کے میز پر پڑے کاغذی پھولوں کو دیکھا۔ اس نے میز پر پڑے اس قلمدان کی طرف بھی دیکھا جو مدرس اول کے سامنے میز پر سجا پڑا تھا۔ شاہ جی نے کافی غور و خوض کے بعد دو الفاظ میں اپنی بات کو مکمل کرتے ہوئے کہا، “صاحب! شائستہ خان یقیناً نام کی طرح شائستہ ہوں گے۔ مگر چلیں رہنے دیں۔ میں کیا کہہ سکتا ہوں۔ حضور مجھ سے جو خطا ہوئی اس پر میں نادم ہوں اور میں آئندہ اس شکایت کا موقع فراہم نہیں کروں گا۔” شاہ جی نے ابھی بات مکمل کی ہی تھی کہ اول مدرس نے کہا، “دیکھیے حضور! ہم آپ پر بہت اعتماد کرتے ہیں۔ اگر آپ اسی طرح یونہی بچوں سے غفلت برتتے رہے تو یہ ادارہ تو چلنے سے رہا۔” شاہ جی نے یہ بات سنی تو اس کا دل خون کے آنسو رونے لگا۔ اسے یاد آنے لگا کہ وہ کس طرح گھر سے چلتے ہوئے تمام راستے پر یہی سوچتے آتے ہیں کہ آج میں نے بچوں کو کس بہتر طریقے سے پڑھانا ہے اور آج کے دن کو کیسے عبادت سمجھ کر گزارنا ہے۔ مگر یہاں تو معاملہ ہی یکسر الٹ نکلا۔ شاہ جی نے چشمے کو اپنی قمیص کے پلو سے صاف کیا اور چشمے کو آنکھوں پر لگاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر کاغذی پھولوں کو دیکھا اور چپ سادھ کر بیٹھ رہا۔ اتنے میں ان کے ہم پلہ معلم بھی دفتر میں داخل ہوئے۔ انہوں نے آتے ہی خود ایسے نڈھال ظاہر کیا جیسے سارے مدرسے کا بوجھ انہوں نے ہی سر پر اٹھا رکھا ہو۔ دیکھتے ہی دیکھتے اول مدرس نے اس کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔ اب شاہ جی بہتر جانتا تھا کہ کیسے یہ محترم ڈنڈا لے کر اپنی جماعت کے بچوں کے پیچھے پڑے رہتے ہیں۔ ڈر کی وجہ سے بچے چپ سادھے رہتے ہیں۔ نہ سوال کرتے ہیں نہ کوئی جواب ان سے بن پڑتا ہے۔ لیکن پھر بھی پورے مدرسے میں ان کی واہ واہ، واہ واہ جاری رہتی ہے۔ اور آج دفتر میں بھی ان کے قصیدے پڑھے جانے لگے ہیں۔ شاہ جی نے اپنے نادان دل کو یہ بات یاد دلائی کہ تو جب گھر سے نکلتا ہے تو ہر قدم کو عبادت سمجھ کر اٹھاتا ہے اور تمام سفر بچوں کی بہتری کے لیے سوچتے ہوئے طے کرتا ہے۔ جب سکول آتا ہے تو بچے آپ کو دیکھ کر خوش ہو جاتے ہیں۔ کمزور سے کمزور بچہ بھی درسی سوال پوچھنے کی جسارت کرتا ہے۔ کبھی کسی بچے کو شاہ جی نے ذرا بھی جھڑکی نہیں دی۔ کیونکہ یہ بچوں کی دل آزاری نہیں کرتے نہ ہی انھیں نیچ کمین کہتے ہیں۔ بچوں کی عزت نفس کا انتہا درجے خیال رکھتے ہیں لیکن یہاں معاملہ ہی مختلف تھا۔ شاہ جی نے کھنکارتے ہوئے مختصر الفاظ میں ایک ہی بات کہی، “حضور اب کے جو ہوا سو ہوا۔۔ آئندہ سے میں آپ کے بچے کو حد سے زیادہ توجہ دوں گا۔” شاہ جی کا دل تو چاہ رہا تھا کہ اس شائستہ خان کے تمام گن گنا ڈالے جو کلاس میں ہم جماعت بچوں کے ساتھ اور باقی معلمین کے ساتھ وہ جیسے پیش آتا رہا ہے۔ لیکن کچھ سوچ کر شاہ جی چپ رہے اور سب الزام اپنے سر لے لیا۔ شاہ جی کو یہ بھی یاد آ رہا تھا کہ چار گھنٹے اگر بچہ مدرسے میں رہتا ہے تو باقی کے 20 گھنٹے تو وہ ماں باپ کے پاس رہتا ہے۔ ماں باپ نے کیا ساری ذمہ داری معلم بر ڈال رکھی ہے۔ جو کچھ بھی ہو، معلم کرے۔ لیکن تالی تو بالآخر دونوں ہاتھوں سے ہی بجتی ہے۔ شاہ جی جب دفتر سے اٹھنے لگے تو مدرس اول نے پھر سے کہا، “قبلہ بچوں پر پوری توجہ دیجئے۔” یہ سننا تھا کہ شاہ جی نے کہا، “حضور میں یہاں بیٹھا ہوں۔ آپ میری ہی جماعت کے کچھ اور بچوں کو بلا لیجئے۔ اور ان کے کام کی جانچ پڑتال کر لیجیے۔ گر انہوں نے کام نہیں کیا تو اس کا مطلب ہے میں کچھ پڑھاتا ہی نہیں ہوں۔ اور اگر انہوں نے کام کیا ہوا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ بچہ کسی نہ کسی طرح سے کنی کترانے میں کامیاب رہتا ہے اور گھر تک یہ کام نہیں لے کے جاتا۔ جس کی وجہ سے یہ سارا معاملہ بگڑ رہا ہے۔ لیکن ستم ظریفی دیکھیے کہ مدرس اول نے شاہ جی کی دلجوئی کے لیے تعریف میں ایک حرف تک نہ کہا۔ شاہ جی نے کاغذی پھولوں کو ایک نظر دیکھا اور خاموشی سے اٹھ کر دفتر سے نکل آئے۔
افسانہ نگار: لہر نیازی
