Eid ka woh din jab chand chawaniyon mein khushiyon ki ek duniya aabad thi

 

عید کا وہ دن جب چند چوانیوں میں خوشیوں کی ایک دنیا آباد تھی

 

رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اختتام پذیر ہو چکا تھا اور آج عید کا دن تھا فجر سے پہلے ہی گھر میں خوشیوں کی ہلچل شروع ہو گئی تھی نئے کپڑوں کی خوشبو تھی۔ صحن میں بچوں کی شوخ آوازیں گونج رہی تھیں اور ہر چہرے پر عید کی چمک دکھائی دے رہی تھی۔
نماز عید سے واپسی پر سب سے بڑی خوشی عیدی کی تھی دادا جان نے ایک چوانی میری ہتھیلی پر رکھی ابو نے بھی ایک چوانی عطا کی امی نے بھی پیار سے ایک چوانی میری جیب میں ڈال دی۔ یوں چند چوانیوں کے سکوں سے جیب اتنی بھاری محسوس ہونے لگی جیسے کوئی بہت بڑا خزانہ مل گیا ہو دل میں بار بار یہی خیال آ رہا تھا کہ آج ان پیسوں سے کیا کیا مزے کروں گا
گھر کی سیڑھیاں ایک ایک زینہ چھوڑ کر تیزی سے اترا دروازہ کھولا اور گلی میں پہنچتے ہی یوں محسوس ہوا جیسے میرے پر لگ گئے ہوں قدم خود بخود بازار کی طرف دوڑنے لگے
قاضیوں والی مسجد کے قریب دادا خانڑ کی دکان کے ساتھ ایک تھلے پر پھاپو ڈیوری کا بیٹا ممی بیٹھا تھا اصل نام تو اب یاد نہیں مگر پورا محلہ اسے ممی ہی کہہ کر پکارتا تھا۔ اس کے سامنے بڑی بڑی تھالیوں میں بھنگور سجی ہوئی تھی۔ سرخ رنگ کی اس دال کو ابال کر اس میں نمک اور مرچ ڈال کر تیار کیا جاتا تھا آج بھی میمنڑ کریانہ سٹور پر یہ دال مل جاتی ہے مگر اس زمانے کا ذائقہ اب کہاں۔
عید کی وجہ سے اس کے گرد بچوں کا ہجوم تھا۔ سب اپنی اپنی تھالیاں لے کر مزے سے بھنگور کھا رہے تھے۔ میں نے بھی فوراً جیب سے پانچ پیسے کا سکہ نکالا اور ایک بھری ہوئی تھالی لے لی۔ اوپر سے لیموں نچوڑا گیا تو خوشبو نے بھوک اور بھی بڑھا دی۔ نمک مرچ اور لیموں کا وہ ذائقہ آج بھی زبان پر تازہ محسوس ہوتا ہے ایک ہی تھالی میں پیٹ بھر گیا
اب قدم لوہاروں والے وانڑ کی طرف بڑھنے لگے۔ وہاں چاچا عطا رسول پراچہ مرحوم بڑے انہماک سے جلیبیاں تل رہے تھے۔ سرخ سنہری جلیبیاں جب کھولتے ہوئے چینی کے شیرے میں ڈبوئی جاتیں تو ان میں مٹھاس بھر جاتی۔ پھر بڑے کفگیر سے نکال کر تھال میں سجائی جاتیں۔ ان کی دکان پر خریداروں کا ایسا رش تھا کہ کھڑے ہونے کی بھی جگہ نہ ملتی تھی۔
کچھ فاصلے پر چاچا راجہ اپنی لکڑی کی فروٹ والی پیٹی پر رندہ الٹا رکھ کر برف گھس رہے تھے۔ نرم نرم برف کے گولے بنتے اور پھر شیشے کی رنگ برنگی بوتلوں سے سرخ پیلا اور گڑ کا شربت اس پر ڈالا جاتا۔ کوئی بچے گولہ ہاتھ میں لے کر کھاتے اور کوئی پیالے میں برف اور شربت ڈال کر چمچ سے لطف اٹھاتے۔ چاچا راجہ پورا سال پانی بھرنے کا کام کرتے تھے مگر عید کے دن برف کے گولے بیچ کر اپنی آمدنی میں اضافہ کر لیتے تھے۔
پڑوس میں رہنے والے غلام عباس پیلے رنگ کی بوری فروخت کر رہے تھے۔ سامنے چاچا عبدالقادر مرحوم کی دکان پر آم امرود جامن اور گرمیوں کے دوسرے پھل خوبصورتی سے سجے ہوئے تھے۔ ان کے ساتھ حافظ امین کلیار مرحوم اپنے والد کے ساتھ خریداروں کی خدمت میں مصروف تھے۔
بھنگور کی نمکین مرچیں ابھی تک زبان پر محسوس ہو رہی تھیں۔ سوچا کیوں نہ اب میٹھے آم کھائے جائیں۔ جیب سے دس پیسے نکالے اور دو بڑے بڑے آم خرید لیے۔ ایک آم جیب میں رکھا اور دوسرا وہیں دانتوں سے کاٹ لیا۔ رس ٹپک ٹپک کر قمیض پر گرتا رہا مگر اس وقت کس کو کپڑوں کی فکر تھی آج تو صرف عید کی خوشیاں عزیز تھیں
منڈی کے موڑ پر چاچا خواجہ گھنیال مرحوم آئس کریم بیچ رہے تھے ان کے گرد بچوں کا رش تھا سامنے دکان کی تھیلی پر چچا عالی ہاتھ میں بنسری پکڑے ہوئے بنسری بجا رہا تھا کچھ فاصلے پر چاچا شیری ڈورا پراچہ جو آج بھی حیات ہیں بڑی سی پرات میں کھیر سجائے کھڑے تھے سرخ سفید اور زرد رنگوں سے سجی کھیر پر میوہ اور گری کی تہہ ایسی لگ رہی تھی کہ دیکھنے والا رک جائے۔ ادھر کچھ لوگ چھولے اور چاول فروخت کر رہے تھے عید کے دن بازار صرف دکانوں تک محدود نہیں رہتا تھا بلکہ چھابڑیوں اور تھلوں پر لگی عارضی دکانیں بھی بازار کو میلے کا منظر بنا دیتی تھیں
آم کھانے کے بعد میں سیدھا لوہاروں والی مسجد کے پاس پتن پر دریائے سندھ کے کنارے پہنچا ٹھنڈے پانی سے ہاتھ دھوئے۔ قمیض پر لگے آم کے داغ صاف کیے اور دریا کی طرف نظر دوڑائی آج وہاں غیر معمولی رش تھا۔ بچے بزرگ نوجوان سب کشتی کی سیر کے منتظر تھے
بیڑیاں ایک ایک کرکے سواریاں لے کر اتلا پتن اور وانڈا ککڑانوالا کی طرف جا رہی تھیں میں بھی ایک کشتی میں جا بیٹھا دریا اپنے جوبن پر تھا پانی سرخی مائل نظر آ رہا تھا کشتی چلانے والا ملاح پوری طاقت سے چپو چلا رہا تھا کیونکہ کشتی پانی کے بہاؤ کے مخالف سمت جا رہی تھی۔ کچھ بچے ڈر کر درمیان میں بیٹھے تھے جبکہ چند نڈر بچے پانی میں ہاتھ ڈال کر لہروں سے کھیل رہے تھے۔ ملاح بار بار آواز دیتا کہ آرام سے بیٹھو کہیں دریا میں نہ گر جانا
اتلا پتن کی سیر کے بعد کشتی واپس پتن پر آ لگی میں نے بھی دس پیسے کرایہ ادا کیا۔ حساب لگایا تو پانچ پیسے کی بھنگور دس پیسے کے آم اور دس پیسے کشتی کا کرایہ ملا کر ایک پوری چوانی خرچ ہو چکی تھی جیب میں سکوں کا وزن کچھ ہلکا ضرور ہوا مگر دل خوشیوں سے اور بھی بھاری ہو گیا
وہ بھی کیا زمانہ تھا۔ چار چوانیاں مل کر ایک روپیہ بنتا تھا اور ایک روپیہ خرچ کرنے کے لیے پورا دن بھی کم پڑ جاتا تھا۔
کشتی سے اتر کر میری منزل کٹڑا کا میدان تھا جہاں عید کے دن میلے کا سماں ہوتا تھا چھوٹے بچوں کے لیے گول گول گھومنے والے جھولے لگتے جبکہ نوجوانوں کے لیے بانسوں سے بنا بہت اونچا جھولا ہوتا جس کی پینگ آسمان کو چھوتی محسوس ہوتی۔ جب کوئی نوجوان سب سے اونچی پینگ کا ہلارا لیتا تو چاروں طرف تالیاں بجنے لگتیں بچے خوشی سے شور مچاتے اور بزرگ مسکرا کر یہ منظر دیکھتے رہتے۔
کچھ بزرگ زمین پر چادر بچھا کر تاش کھیل رہے تھے۔ کچھ بچے مارکٹائی میں مصروف تھے کہیں ٹیپو ٹیپو کا کھیل جاری تھا جہاں گیند اور ٹوٹی ہانڈیوں کے گول ٹکڑوں سے کھیل کھیلا جاتا تھا۔ میں بھی ان بچوں میں شامل ہو گیا اور کھیلتے کھیلتے دوپہر ہو گئی
آج آزادی کا دن تھا۔ نہ سکول جانا تھا اور نہ عید گاہ میں قرآن پڑھنے گرمی کی شدت بھی محسوس نہ ہوتی تھی۔ آبادی کے ساتھ چھوئی کی پہاڑی پر بھی بچوں کا شور سنائی دے رہا تھا۔ کٹڑا کا میدان خوشیوں سے آباد تھا ورنہ عام دنوں میں دوپہر کے وقت یہاں سناٹا چھایا رہتا تھا۔
آخرکار خیال آیا کہ اب گھر لوٹنا چاہیے۔ منڈی کے راستے واپس لوہاروں والے وانڑ پہنچا تو رش خاصا کم ہو چکا تھا۔ چاچا عطا رسول پراچہ مرحوم پسینے میں بھیگے اپنی دکان پر بیٹھے دن بھر کی کمائی گن رہے تھے۔ میں نے جاتے جاتے ان سے دس پیسے کی جلیبیاں خریدیں۔ کاغذ میں لپٹی ہوئی گرم جلیبیاں جیب میں رکھیں اور بھاگتا ہوا گھر کی طرف روانہ ہو گیا
بازار کی چمکتی روشنیوں سے نکل کر جب محلے کی تنگ اور اندھیری گلیوں میں داخل ہوا تو یوں محسوس ہوا جیسے کسی غار میں آ گیا ہوں۔ باہر کی روشنی آنکھوں میں بسی ہوئی تھی اس لیے گلیوں کا اندھیرا اور بھی گہرا لگ رہا تھا
گھر جب پہنچا تو قمیض پر ام کے رس کے پیلے داغ سفید کا دریا پر دھلنے کے بعد بھی نمایاں نظر ارہے تو گھر والوں نے پہلے تو میری دلائی کی ماں نے کئی دنوں کی محنت سے سفید کپڑوں پر کڑھائی کر کے عید کا جوڑا ہاتھ سے سلہ تھا جس پر آم کے رس کے لگے داغ اتنی اسانی سے جانے والی نہیں تھے میری دلائی کرنے کے بعد کپڑے بھی دھوئے گئے مگر ام کے داغ ان پر پکے ہو گئے تھے پھر وہ کپڑے دھوبی کے پاس لے کر گئے والد صاحب اور انہوں نے ان سفید کپڑوں کو نیلا رنگ کرا دیا اور رات گئے واپس ائے گھر میں کپڑے تو وقت کی طرح ان کا رنگ بھی بدل چکا تھا صبح جب عید کے دوسرے دن وہ رنگ کیے ہوئے کپڑے پہن کر پھر جیب میں پڑے سکوں کی کھنک مجھے بازار کی طرف کھینچے جا رہی تھی اور نئے رنگ کے کپڑوں کی ساتھ عید کا رنگ بھی نیا نظر ایا
آج جب ماضی کے دریچے کھلتے ہیں تو احساس ہوتا ہے کہ اصل خوشیاں دولت کی فراوانی میں نہیں بلکہ محبت بھرے رشتوں سادہ زندگی اور قناعت میں تھیں۔ چند چوانیوں کی عیدی پورے دن کی خوشیوں کے لیے کافی ہوتی تھی بازاروں میں اپنائیت تھی دکاندار چہروں سے پہچانے جاتے تھے ہر آواز مانوس تھی اور ہر گلی اپنی لگتی تھی
وقت بدل گیا۔ بازار بدل گئے۔ قیمتیں بدل گئیں اور زندگی کے انداز بھی بدل گئے مگر ماضی کی وہ عید آج بھی یادوں کے دریچے میں اسی طرح روشن ہے جیسے دریائے سندھ کے کنارے ڈھلتے سورج کی سنہری کرنیں ہمیشہ پانی پر جگمگاتی رہتی ہیں

Muhammad Ahsan Qureshi —Chashm-e-Salagar

Muhammad Ahsan Qureshi —Chashm-e-Salagar

محمد احسن قریشی  چشمِ سلاگر — قلم، کیمرے اور صحافت کے ذریعے...
Read More
Kalabagh mein namak ke zakhaar ki tabahi ka zimmadar kaun??

Kalabagh mein namak ke zakhaar ki tabahi ka zimmadar kaun??

کالاباغ میں نمک کے ذخائر کی تباہی کا ذمہ دار کون؟؟ اللہ...
Read More
KALABAGH MEIN GIRLS COLLEGE KA QAYAM

KALABAGH MEIN GIRLS COLLEGE KA QAYAM

کالا باغ میں گرلز کالج کا قیام — ہماری بچیوں کے روشن...
Read More
Raja Salagar Ka Kala Bagh Maazi Ke Jharokon Se

Raja Salagar Ka Kala Bagh Maazi Ke Jharokon Se

راجہ سلاگر کا کالا باغ   -ماضی کے جھروکوں سے   ڈاکٹر کی...
Read More
Kalabagh Tehsil Level Hospital: Eentein, Cement aur Be-hissi!

Kalabagh Tehsil Level Hospital: Eentein, Cement aur Be-hissi!

کالاباغ تحصیل لیول ہسپتال: اینٹیں، سیمنٹ اور بے حسی! بڑی عمارت، ناپید...
Read More
Maazi Ke Jharokon Se – Kalabagh key  Tang-o-Tareekhi Galiyon Ke Tham

Maazi Ke Jharokon Se – Kalabagh key Tang-o-Tareekhi Galiyon Ke Tham

ماضی کے جھروکے سے تنگ و تاریخی گلیوں کے تھم کالاباغ کی...
Read More
Pakistan mein zaraat ka zawaal aur kisaan ki badhaali

Pakistan mein zaraat ka zawaal aur kisaan ki badhaali

پاکستان میں زراعت کا زوال اور کسان کی بدحالی کسان سال بھر...
Read More
Kalabagh ki nai aabadiyan aur bunyadi sahuliyat ki siyasat

Kalabagh ki nai aabadiyan aur bunyadi sahuliyat ki siyasat

  کالاباغ کی نئی آبادیاں اور بنیادی سہولیات کی سیاست   پاکستان...
Read More
Kalabagh ki andheri galiyon mein ruka hua waqt

Kalabagh ki andheri galiyon mein ruka hua waqt

کالاباغ کی اندھیری گلیوں میں رکا ہوا وقت میرا جب بھی دل...
Read More
Kala Bagh ki shadiyon ki rasmein aur ek zinda tehzeeb ki khushboo

Kala Bagh ki shadiyon ki rasmein aur ek zinda tehzeeb ki khushboo

کالا باغ کی شادیوں کی رسمیں اور ایک زندہ تہذیب کی خوشبو...
Read More
Eid ka woh din jab chand chawaniyon mein khushiyon ki ek duniya aabad thi

Eid ka woh din jab chand chawaniyon mein khushiyon ki ek duniya aabad thi

  عید کا وہ دن جب چند چوانیوں میں خوشیوں کی ایک...
Read More

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top