معروف اردو افسانہ نگار، ناول نگار، محقق اور انگریزی ادب کے ممتاز استاد
ڈاکٹر وقار احمد ملک عصرِ حاضر کے ممتاز اردو افسانہ نگار، ناول نگار، محقق اور انگریزی ادب کے استاد ہیں۔ ان کا شمار ضلع میانوالی کی ان علمی و ادبی شخصیات میں ہوتا ہے جنہوں نے تدریس، تحقیق اور تخلیقی ادب کو یکجا کرتے ہوئے اپنی منفرد شناخت قائم کی۔ انہوں نے اردو افسانے کو صرف کہانی سنانے کا وسیلہ نہیں بنایا بلکہ اسے انسانی احساسات، سماجی تغیر، دیہی تہذیب، ثقافتی ورثے اور بدلتے ہوئے معاشرتی رویوں کی عکاسی کا مؤثر ذریعہ بنایا۔ ان کی تحریروں میں حقیقت نگاری، نفسیاتی گہرائی، زبان کی سادگی اور فکر کی پختگی نمایاں نظر آتی ہے، جس کی وجہ سے وہ معاصر اردو فکشن کے معتبر قلم کاروں میں شمار کیے جاتے ہیں۔
ابتدائی زندگی اور خاندانی پس منظر
ڈاکٹر وقار احمد ملک 19 جولائی 1973ء کو ضلع میانوالی میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد محترم شیر محمد شاہد تھے، جنہوں نے تعلیم، اخلاق اور مطالعے کی اہمیت کو ہمیشہ مقدم رکھا۔ میانوالی کے تہذیبی ماحول، دیہی زندگی، اجتماعی اقدار اور انسانی رشتوں نے ان کی شخصیت اور فکر کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کیا۔ یہی ماحول بعد ازاں ان کے افسانوں اور ناولوں کا مرکزی حوالہ بنا، جہاں قاری کو اپنی سرزمین کی خوشبو اور معاشرتی زندگی کی حقیقی جھلک دکھائی دیتی ہے۔
تعلیم اور علمی سفر
ڈاکٹر وقار احمد ملک نے ابتدائی اور ثانوی تعلیم گورنمنٹ سنٹرل ماڈل سکول میانوالی سے حاصل کی۔ بعد ازاں انہوں نے یونیورسٹی آف دی پنجاب سے اعلیٰ تعلیم حاصل کرتے ہوئے ایم اے اردو اور ایم اے انگلش لٹریچر کی ڈگریاں حاصل کیں۔ انہوں نے لاہور لیڈز یونیورسٹی سے ایم فل (English Literature) مکمل کیا اور علمی تحقیق کے سفر کو آگے بڑھاتے ہوئے دی یونیورسٹی آف ہری پور سے پی ایچ ڈی (English Literature) کی ڈگری حاصل کی۔ اردو اور انگریزی ادب دونوں پر یکساں دسترس نے ان کی علمی شخصیت کو وسعت اور فکری گہرائی عطا کی۔
تدریسی خدمات
پیشہ ورانہ طور پر ڈاکٹر وقار احمد ملک گورنمنٹ گریجویٹ کالج میانوالی میں انگریزی ادب کے استاد کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔ وہ ان اساتذہ میں شمار ہوتے ہیں جو تدریس کو صرف معلومات کی منتقلی نہیں بلکہ شخصیت سازی اور فکری تربیت کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ ان کی تدریس میں زبان کے ساتھ ادب، تنقیدی شعور اور مطالعے کی روایت بھی شامل ہوتی ہے، جس کی وجہ سے وہ طلبہ میں نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔
ادبی سفر
ڈاکٹر وقار احمد ملک بنیادی طور پر ایک فکشن رائٹر ہیں۔ نوجوانی ہی میں انہوں نے افسانہ نگاری کا آغاز کیا اور جلد ہی ان کی تحریریں پاکستان کے معروف ادبی جرائد اور اخبارات میں شائع ہونے لگیں۔ انہوں نے کسی ادبی رجحان یا تحریک کی تقلید کے بجائے اپنی منفرد تخلیقی شناخت قائم کی۔ ان کی تحریروں میں معاشرتی تبدیلی، انسانی نفسیات، دیہی زندگی، تہذیبی اقدار اور وقت کی بے رحم گردش کو نہایت مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ وہ ان قلم کاروں میں شامل ہیں جنہوں نے خاموشی سے مسلسل معیاری ادب تخلیق کیا اور اپنے فن کو ہمیشہ شہرت پر ترجیح دی۔
نمایاں تصانیف
ڈاکٹر وقار احمد ملک کی شائع شدہ تصانیف ان کی تخلیقی بصیرت اور فکری پختگی کی آئینہ دار ہیں۔
سرخ بتی (افسانوی مجموعہ)
یہ مجموعہ جدید معاشرے کے تضادات، انسانی رویوں، داخلی کشمکش اور سماجی مسائل کی حقیقت پسندانہ تصویر پیش کرتا ہے۔ اس کے افسانے قاری کو زندگی کے مختلف پہلوؤں پر غور کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔
جنگل میں گاؤں (افسانوی مجموعہ)
اس مجموعے میں دیہی زندگی، انسانی رشتوں، تہذیبی تبدیلی اور گاؤں کی اجتماعی ثقافت کو نہایت خوبصورتی سے محفوظ کیا گیا ہے۔ میانوالی کی سرزمین اور اس کے کردار اس کتاب کی روح ہیں۔
رات، ریل اور ریستوراں (ناول)
یہ ناول جدید انسان کی تنہائی، سفر، داخلی کشمکش اور بدلتی ہوئی سماجی قدروں کا فنی اظہار ہے۔ اس میں علامتی انداز، مضبوط کردار نگاری اور نفسیاتی تجزیہ نمایاں طور پر نظر آتا ہے۔
اسلوبِ نگارش اور فکری جہات
ڈاکٹر وقار احمد ملک کے افسانوی فن کی سب سے نمایاں خصوصیت حقیقت نگاری ہے۔ وہ عام زندگی کے معمولی واقعات کو غیر معمولی فنی مہارت سے پیش کرتے ہیں۔ ان کی زبان شستہ، رواں اور غیر مصنوعی ہے، جبکہ کردار اپنے ماحول، ثقافت اور نفسیات کے ساتھ مکمل طور پر جیتے جاگتے محسوس ہوتے ہیں۔
ان کی تحریروں میں دیہی تہذیب، انسانی رشتوں کی حرارت، وقت کی تبدیلی، معاشرتی انتشار، روایت اور جدیدیت کے درمیان کشمکش، اور انسان کی داخلی تنہائی جیسے موضوعات بار بار سامنے آتے ہیں۔ وہ کسی نظریے کی تبلیغ نہیں کرتے بلکہ زندگی کو اس کی اصل صورت میں پیش کرتے ہیں اور قاری کو خود سوچنے کا موقع دیتے ہیں۔
شخصیت اور دلچسپیاں
ڈاکٹر وقار احمد ملک ایک نہایت منکسرالمزاج، شائستہ اور وسیع المطالعہ شخصیت کے مالک ہیں۔ تدریس اور تحقیق کے ساتھ ساتھ انہیں اردو ادب، عالمی ادب، موسیقی، کرکٹ اور سیاحت سے خصوصی دلچسپی ہے۔ مختلف تہذیبوں، معاشروں اور انسانی رویوں کا مشاہدہ ان کی تخلیقی سوچ کو نئی جہت عطا کرتا ہے۔ دوستوں اور قریبی احباب میں وہ محبت سے “وکی (Vicky)” کے نام سے بھی جانے جاتے ہیں۔
ادبی مقام اور خدمات
ڈاکٹر وقار احمد ملک نے اپنے افسانوں اور ناولوں کے ذریعے نہ صرف معاصر اردو ادب میں اپنا نمایاں مقام بنایا بلکہ میانوالی کی تہذیب، ثقافت، زبان اور معاشرتی زندگی کو بھی ادبی قالب میں محفوظ کیا۔ ان کی تحریریں مستقبل کے محققین کے لیے سماجی اور ثقافتی حوالے سے اہم ماخذ کی حیثیت رکھتی ہیں۔ وہ ان اہلِ قلم میں شامل ہیں جنہوں نے تدریس، تحقیق اور تخلیقی ادب کے درمیان ایک خوبصورت توازن قائم کیا اور اپنے قلم کے ذریعے اردو ادب کے وقار میں اضافہ کیا۔
ڈاکٹر وقار احمد ملک کی شخصیت علم، تحقیق، تدریس اور تخلیقی ادب کا حسین امتزاج ہے۔ انہوں نے اپنی تخلیقات کے ذریعے یہ ثابت کیا ہے کہ معیاری ادب صرف بڑے ادبی مراکز تک محدود نہیں بلکہ علاقائی سرزمین سے وابستہ حساس قلم کار بھی قومی ادب کو نئی جہتیں دے سکتے ہیں۔ ان کا ادبی سرمایہ میانوالی کی ثقافتی شناخت، انسانی اقدار اور اردو افسانے کی روایت کا قیمتی اثاثہ ہے۔ ایک استاد، محقق، ناول نگار اور افسانہ نگار کی حیثیت سے ان کی خدمات اردو ادب میں ہمیشہ قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھی جائیں گی، اور ان کا نام میانوالی کی علمی و ادبی تاریخ میں نمایاں مقام رکھے گا۔
WAQAR CONTACT INFORMATION –
Mobile Phone Number -0300 6080361
Email – waqar_malik1974@yahoo.com
House No. N53, Mohalla Sherman Khel Mianwali
وقار احمد ملک صاحب ایک باوقار افسانہ نگار
تحریر و تعارف آغا نیاز مگسی
شعر و ادب کی دنیا میں ہر دور میں ایسے ادیب اور شاعر و شاعرات نے جنم لیا ہے جنہوں نے جنہوں نے نہ صرف شعر و ادب اور تاریخ کو زندہ رکھا ہے بلکہ اس کے فروغ کے لئے بھی اپنا ہر ممکن کردار ادا کیا ہے ۔ تیز رفتار ترقی یافتہ اور سائنسی دور میں ادب کی ترویج و ترقی اور فروغ کا عمل بہت مشکل ہے جس میں لوگ کتاب اور کتب بینی سے دور اور انٹرنیٹ کی فضولیات سے وابستہ ہوتے جا رہے ہیں ایسے میں علم و ادب میں دلچسپی رکھنے والے لوگ بہت کم ہیں اور وہ ایسی صورتحال میں علم و ادب کی بہت بڑی خدمت کر رہے ہیں ۔ ایسے ہی لوگوں میں سے ایک نامور افسانہ نگار اور ناول نگار محترم وقار احمد ملک صاحب بھی ایک ہیں ۔
وقار احمد ملک صاحب 19 جولائی 1973کو میانوالی پنجاب میں شیر محمد شاہد صاحب کے گھر میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے پرائمری سے لے کر ایم اے اردو، ایم اے انگریزی ادب، اور ایم فل انگریزی تک اپنے آبائی شہر میانوالی میں ہی حاصل کی ۔ آج کے دور میں ناول اور افسانہ لکھنے اور پڑھنے والوں کی تعداد کم ہوتی جا رہی ہے کیونکہ لوگ جلدی اور عجلت میں ہیں ان کے پاس اتنا وقت نہیں ہوتا کہ وہ کئی کئی صفحات پر مشتمل طویل ناول اور افسانے پڑھ سکیں اور لکھنا تو اس سے بھی زیادہ مشکل کام ہے ۔ ایسے میں ناول اور افسانہ نگاری ایک غنیمت ہے ۔ جو لوگ معیاری افسانے اور ناول لکھتے ہیں وہ بھرپور داد و تحسین اور مبارک باد کے لائق ہیں ۔ وقار احمد ملک صاحب کا بھی کمال یہ ہے وہ نہ صرف افسانے اور ناول لکھ رہے ہیں بلکہ کتاب بھی چھاپتے ہیں اور قارئین کو پڑھنے پر مجبور بھی کرتے ہیں ۔ میں خود ان کے قارئین میں شامل ہوں ۔ وہ عوامی مزاج اور موسم کو مدنظر رکھ کر موضوع کا انتخاب کرتے ہیں اور اس میں دلچسپی کا تمام مواد اور معلومات بھی شامل کرتے ہیں ۔ آجکل کے انٹرنیٹ یا سوشل میڈیا میں وقار صاحب کے افسانے خوب گردش میں اور قارئین کے زیر مطالعہ رہتے ہیں ۔
انٹرنیٹ کے علاوہ اخبارات اور رسائل میں بھی وقار احمد ملک صاحب کے افسانے اور ناول چھپتے رہتے ہیں جن میں ارردو ڈائجسٹ، فیملی میگزین، ،نوائے وقت، سنڈے میگزین، تسطیر، ادب دوست، بیاض اور فانوس وغیرہ شامل ہیں ۔
وقار صاحب کی افسانوں اور ناول کی 3 کتابیں علم و عرفان پبلشرز اردو بازار لاہور سے چھپ چکی ہیں جن میں رات، ریل اور ریستوران( ناول) جبکہ سرخ بتی( افسانوں کا مجموعہ ) اور جنگل میں گائوں ( افسانوں کا مجموعہ ہے
وقاراحمد ملک-منورعلی ملک
وقار احمد ملک میرے دیرینہ فیس بک فرینڈ بھی ھیں ، سٹوڈنٹ بھی – ایسے سٹوڈنٹ کہ میں جس وقت بھی کہوں فلاں جگہ جانا ھے، اپنے سارے کام چھوڑ کر میرے ساتھ چل پڑتے ھیں- 1993-95 میں میرے سٹوڈنٹ رھے ، پھر ایم اے اردو کیا، مگر میرٰ ی ھم نشینی کا نشہ باقی رھا، اس لیے بعد میں ایم اے انگلش بھی کر لیا- اس کے بعد ایم فل بھی-
وقاراحمد ملک گورنمنٹ کالج میانوالی میں میرے محترم بھائی حاجی محمد اسلم خان نیازی کے جانشین ھیں- ایم اے اردو کے دوران ھی افسانہ نگاری شروع کردی تھی- ان کے افسانوں کے دومجموعے شائع ھو چکے ھیں- “جنگل میں گاؤں “ ان کے افسانوں کا تازہ مجموعہ ھے- وقار کی افسانہ نگاری پر اپنی مفصل رائے توکچھ عرصہ بعد ایک الگ مضمون میں دوں گا- فی الحال یہ بتانا ضروری سمجھتا ھوں کہ ان کے افسانے معروف ادبی رسائل، تسطیر، ادب دوست، فنون اور اردو ڈائجسٹ میں بھی شائع ھوتے رھتے ھیں- روزنامہ نوائے وقت اور روزنامہ دنیا کی ادبی اشاعتوں میں بھی ان کے افساے شائع ھوتے ھیں- اس سے ان کی ادبی اھمیت کا اندازہ لگا لیں-
وقار انگلش کے مقبول ٹیچر بھی ھیں- اپنی اکیڈیمی کے ذریعے خاصے مشہورومعروف ھیں- میرے ساتھ وقار کا رابطہ فیس بک کے علاوہ موبائیل فون پر بھی رھتا ھے- ان کا اشعار کا انتخاب لاجواب ھوتا ھے- روزانہ اپنی پسند کا کوئی نہ کوئی شعر مجھے بھیجتے رھتے ھیں- ھر شعر لاجواب ھی ھوتا ھے ‘ اس لیے میں ان کے SMS کا منتظر رھتا ھوں-منورعلی ملک-
“رات ریل اور ریستوراں ” کا وقار احمد ملک ____¡¡¡ حرف آشنا-عصمت گل خٹک
وقاراحمد ملک میرے شہر کا زندہ اور چلتا پھرتا افسانہ ہے __جس نے گزرتے وقت کیساتھ ساتھ ایک اور زقند بھرتے ہوئے ناول نگاری کا چولہ بھی پہن لیا ہے _ وقار جو کچھ اپنے ارد گرد اور باہر دیکھتا ہے حیرت انگیز طور پر اس سے انساپئیر ہوتے ہوئے اپنے اندر اس سےجڑی کیفیات و جزئیات کو کچھ زیادہ ہی دیکھ لیتا ہے ___پھر اسکی یہ سخاوت ہے یا قدرت کی عطاکردہ نعمتوں کی زکوٰتھ __ کہ وہ ان انسانی جذبات واحساسات میں لتھڑے ہوئے مناظر میں دوسروں کو بھی ؛شریک نظر ؛کر نے کی نہ صرف کوشش کرتا ہے بلکہ کہیں کہیں ھمراز بھی بنا لیتا ہے __¡¡ زمانہ طالب علمی میں __میں نے بھی کچھ افسانے لکھنے کی کوشش کی تھی اور میری خوش بختی ہے کہ پروفیسر سلطان محمود ٰڈاکٹر اجمل نیازی ٰپروفیسر فیروز شاہ ٰپروفیسر منورعلی ملک ٰپروفیسر سلیم احسن اور پروفیسر سرور خان نیازی جیسے اساتذہ کی ہفتہ وار مجالس میں ان پر دھواں دار قسم کی گفتگو کی حامل مجالس بھی منعقد ہوتی رہی ہیں مگر میرا خیال ہے اس لحاظ سے میں بڑا بدقسمت رہا کہ اسطرح گھنے سائیہ دار اشجار کی موجودگی کے باوجود افسانہ مجھ سے روٹھ گیا اور میں نے شاعری میں منہہ مارنا شروع کردیا___شاعری نخرے دکھانے پر آئی تو قبلہ اجمل نیازی نے مجھے نثر کا بندہ قرار دیتے ہوئے اس راہ پر لگا دیا ___یوں میں ادھر کا رہا اور نہ ادھر کا ___مگر وقاراحمد ملک بڑا خوش نصیب رہا کہ اس نے پہلے اپنے آپ کو دریافت کیا اور پھر اپنا پہلا قدم ہی ؛صراط مستقیم؛ پر رکھتے ہوئے افسانے کو ہمراہ و ہمراز بنا لیا _جس کے نتیجہ میں ظاہر ہے افسانے نے بھی وقار کیساتھ کسی طرح کی “ہینکی پھینکی” کی بجائے بانہیں کھول کر گلے لگایا اور پھر چل سو چل ___¡¡¡¡ افسانے کی ہمسفری نے “رات؛ ریل اور ریستوراں” کی راہ دکھائی __جس پر وقار نےپورے ہوش وحواص کیساتھ قدم رکھا اور اپنے ہر قاری کو بھی ہمسفر و ہمراز بنانے کی کوشش کی __جس میں میرا خیال ہے کہ وہ بڑی حد تک کامیاب بھی رہا ہے. “رات ریل اور ریستوراں”میں صادق شاہ اگر ایک طرف اپنی داستان حیات سناتا ہے تو دوسری طرف پاکستان میں ریل جیسے فینٹسی ذریعہ سفر کی نوحہ خوانی کرتا بھی دکھائی دیتا ہے__جس میں سفر کیساتھ ساتھ مسافر پر بہت سی کہانیوں _چہروں _داستانوں اور منظروں کے راز بھی کھلتے چلے جاتے ھیں۔ ناول کے اختتام پر صادق شاہ کی موت میں ___پتہ نہیں مجھے کتنی موتیں نظر آئیں ۔؟ایک عہد _ایک شاندار ذریعہ سفر _ایک کلچر _ایک نسل اور معلوم نہیں کیا کچھ مرتا دکھائی دیا ؟مگر جس باریک بینی کیساتھ وقار نے اس اترتی موت کو اپنے لفظوں میں “رات ریل اور ریستوراں” ک صورت میں پینٹ کیا ہے ____مجھے اطمینان ہےکہ افسانہ نگاری کے بعد میانوالی کی دھرتی پر وقار احمد ملک کی صورت میں ایک ایسے ناول نگار نے جنم لیا ہے __جس کے روشن مستقبل کی پیشن گوئی کی جا سکتی ہے۔وقار احمد ملک نے بہت کھلی دل سے اس کی افسران ،

