MUSEEBAT NAMA AZ ATTAAR

مصیبت نامہ از عطار

تحریر: محمد منشا خان، میانوالی

شیخ فرید الدین عطار نیشاپوری رحمۃ الله علیہ کی یہ کتاب ایک بے مثال ادبی اور عرفانی تصنیف ہے، جو فارسی ادب کے افق پر ایک تابندہ ستارے کی مانند چمکتی ہے۔ اس منظوم کتاب کا اصل نسخہ تقریباً ۷۵۰۰ سے زیادہ اشعار اور ۳۴۰ حکایات پر مشتمل ہے، جو روحانیت کے ایک ایسے سفر کی کہانی ہے جس میں انسان اپنی شناخت اور حقیقت کی تلاش میں مختلف مراحل سے گزرتا ہے۔

یہ کتاب، نہ صرف ایک علمی و فنی شاہکار ہے بلکہ تصوف پر مشتمل اہم کتاب ہے۔ کتاب کا آغاز حمد و توحید، نعت و معراج رسول الله مبارکﷺ اور خلفائے راشدین کی تعریف و توصیف سے ہوتا ہے، اس کے بعد شیخ عطار رحمۃ الله علیہ ایک سالک کے عرفانی و روحانی سفر کو منفرد انداز میں بیان کرنا شروع کرتے ہیں جو مختلف دشوار گھاٹیوں سے ہوتا ہوا طے کرتا ہے۔ یہ سفر کئی مراحل پر مشتمل ہے جہاں ہر مرحلہ ایک روحانی تجربے کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سفر میں ہر قدم سالک کو نئے تجربات اور امتحانات سے روشناس کراتا ہے، انسانی نفس اور اس کی کشمکش کی ایک مکمل تصویر پیش کرتا ہے۔ شیخ عطار نہ صرف روحانی تعلیمات کو بیان کرتے ہیں بلکہ انسانی ذات کی کمزوریوں، خوف اور خواہشات کے اثرات کو بھی بے نقاب کرتے ہیں۔

شیخ عطار رحمۃ الله علیہ نے اس کتاب کو مصیبت نامہ اس لیے کہا کہ یہ اس تکلیف، دکھ، درد، غم، رنج، حیرانی، بے سروپائی اور سرگشتگی کا آئینہ دار ہے جو سالک کو حقیقت کے راستے پر پیش آتی ہیں۔ یہ درد و الم اور سوز و گداز جو ابتدا سے اختتام تک سالک کا ساتھی رہتا ہے اسے حقیقت کی جستجو میں نہ صرف تنہا اور حیران کرتا ہے بلکہ اسے اپنے وجود کی گہرائیوں میں جھانکنے پر مجبور کرتا ہے۔ یہ کتاب جیسا کہ نام سے ظاہر ہے، صرف مصیبتوں کی کہانی نہیں بلکہ ان مصیبتوں کے درمیان پوشیدہ حقیقت کو تلاش کرنے کا سفر ہے۔ شیخ عطار کے مطابق، یہ مصیبتیں ہی انسان کو اس کے اصل مقام کی طرف لے جانے کا ذریعہ بنتی ہیں۔ سالک کا رنج و غم دراصل اسے اس کی اصل حقیقت سے روشناس کرانے کا عمل ہے۔

اس میں موجود حکایات میں انسانی نفسیات، شریعت اور طریقت کے تقابل اور روحانی تلاش کی پیچیدگی کو نہایت باریک بینی اور خوبصورتی کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ سالک، جنات، انسانوں، فرشتوں اور انبیاء سے اپنے بنیادی سوالات کے جوابات تلاش کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ آخرکار، یہ روحانی سفر اسے خاتم الانبیاء رسول الله مبارکﷺ کی جانب رہنمائی و متوجہ کرتا ہے، جو کامل حقیقت کا عین مظہر ہیں

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

Scroll to Top